مآرب میں ایک اسٹریٹیجک علاقے پر یمنی فوج کا کنٹرول
یمن کی مسلح افواج نے مآرب کے ایک اسٹریٹیجک علاقے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمن کی فوج نے ایک کامیاب کارروائی کر کے صوبہ مآرب کے القنذع اسٹریٹیجک علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
یحیی سریع نے کہا کہ القنذع محاذ سے مآرب سیکٹر کے العبدیہ اور مراد جیسے اہم علاقوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ انکی فورسز پوری طرح الرٹ ہیں اور اپنی مقبوضہ سرزمین کا چپہ چپہ آزاد کرانے کے مقصد سے جہاد کے راستے پر گامزن رہنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی افواج، القاعدہ اور داعش کے خلاف برسر پیکار ہیں اور یہ وہ عناصر ہیں جن کی جارح سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکہ حمایت و مدد کر رہے ہیں۔
یمن کی فوج نے گذشتہ روز بھی مغربی یمن کے الحدیدہ صوبے میں جارحانہ اقدامات کے دوران سعودی اتحاد کا ایک ڈرون مار گرایا تھا۔ اس بیچ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے جنوبی یمن کے صوبہ البیضاء میں اپنے فوجیوں کی پیشقدمی کی خبردی ہے۔
یحیی سریع نے اعلان کیا کہ النصرالمبین کارروائی کے دوسرے مرحلے کو چار روز مکمل ہو رہے ہیں اور اس دوران سیکڑوں کلومیٹر کے رقبے کو آزاد کرایا جا چکا ہے۔ یحیی سریع نے جنوبی یمن کے صوبہ البیضاء میں واقع نعمان ضلع کے عقبۃ القنذع ٹیلوں کو بھی آزاد کرا لئے جانے کی خبر دی ہے۔ ان کا کہن تھا کہ اس پیشقدمی سے داعش اور القاعدہ دہشتگرد گروہوں اور سعودی عرب، امارات اور امریکہ جیسے ان کے حامیوں کی پیشقدمی رک گئی ہے۔
اسکے علاوہ یمن کی فوج اور عوامی رضآکار فورس نے صوبہ شبوہ کے بیجان شہر کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے اور یہ شہر یمنی فوج کے نشانے پر ہے۔
دوسری جانب میڈیا ذرائع نے خبر دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد صوبہ صعدہ پر اندھا دھند گولہ باری کر رہا ہے جس کے نتیجے میں کئی عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے شمالی یمن میں واقع صوبہ صعدہ کے منبہ علاقے پر گولہ باری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے ان حملوں کے نتیجے میں ایک یمنی شہری شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی اور بمبار طیاروں نے گذشتہ روز بھی صوبہ مآرب کے کئی علاقوں پر بمباری کی تھی۔