Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • دنیا کی جانب سے طالبان کو فورا واضح  پیغام دیا جائے : عبداللہ عبداللہ

افغانستان کی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے لاتعلق نہ رہے اور طالبان کو واضح پیغام دے دے۔

افغانستان کی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان کی بدعہدی پر سخت تنقید کی ہے اور تشدد میں شدت اور شہروں پر حملوں کے بارے میں سخت تشویش ظاہر کی ہے۔

عبداللہ عبداللہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، امریکہ، برطانیہ، روس، چین، پاکستان اور ازبکستان کے نمائندوں کی موجودگی میں افغانستان میں قیام امن کے لئے دوحہ میں منعقدہ مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے قطر کے دورے پر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بنیادی مسائل کے حل کے لئے تفصیلی گفتگوکی گئی تاکہ مسائل کو بنیادی طور پر سیاسی طریقے سے حل کیا جاسکے اور وسیع البنیاد امن قائم ہوجائے لیکن طالبان، بنیادی مسائل پربات کرنے کے لئے تیار ہی نہیں ہوئے۔

عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ طالبان مذاکرات میں اعتماد کی بحالی اور اپنے قیدیوں کی رہائی پر تاکید کرتے رہے جبکہ اس سے قبل قیدیوں کی رہائی سے امن کے عمل اور جنگ و تشدد کے خاتمے میں کوئی مدد نہیں ملی ہے۔

عبداللہ عبداللہ ایسی حالت میں قطر پہنچے ہیں کہ افغانستان کے دس سے زیادہ صوبوں میں حکومت کے فوجیوں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔

 

ٹیگس