Aug ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • طالبان نے اسلامی امارت کے قیام کا اعلان کردیا

افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ طالبان نے افغانستان میں اپنی اسلامی امارت قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، خلیل الرحمان حقانی کی قیادت میں طالبان کے ایک وفد نے کابل میں اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات اور ملک کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اس موقع پر افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان پر زور دیا کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ترجیح دیں۔انہوں نے افغان شہریوں میں پائی جانے والی تشویش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں ہم سب کو اجتماعی سلامتی اور عام لوگوں کی جان ومال کے تحفظ پر خاص توجہ دینا چاہیے۔

اعلی افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ہم بھی خودمختار اور متحدہ افغانستان اور منصفانہ نظام کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انصاف کے بغیر قومی سلامتی اور وحدت کو ہرگز مضبوط نہیں بنایا جاسکتا۔طالبان کے وفد کے سربراہ خلیل الرحمان حقانی نے اس ملاقات میں عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس ملاقات میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی اور افغان سینیٹ کے سابق صدر فضل ہادی مسلم یار بھی موجود تھے۔درایں اثنا جرنلسٹ پروٹیکشن کمیٹی نے طالبان سے ذرائع ابلاغ کے خلاف تشدد کا سلسلہ بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ جرنلسٹ پروٹیکشن کمیٹی نے جس کا دفتر نیویارک میں ہے، جمعرات کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد جلال آباد میں کم سے کم چار صحافیوں کے گھروں کی تلاشی لی ہے۔انہوں نے طالبان سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کی آزادی دیں اور ان کے خلاف تشدد سے کام نہ لیں۔

کہا جارہا ہے کہ بدھ کے روز جلال آباد میں طالبان مخالف مظاہروں کی کوریج کرنے والے کم سے کم دو صحافی طالبان کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ طالبان نے افغانستان میں اپنی اسلامی امارت قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔بعض میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی سامراج سے آزادی کو ایک سو دو سال مکمل ہونے کی خوشی میں ہم افغانستان اسلامی امارت کے قیام کا اعلان کرتے ہیں۔رپورٹوں کے مطابق انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اسلامی امارت افغانستان کے پرچم میں سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

ٹیگس