یمنی فورسز کی 1200 مربع کیلومیٹر علاقہ آزاد کرانے میں کامیابی، سبھی مقبوضہ علاقوں سے سعودی اتحاد کو نکالنے کا عزم
یمن پر سعودی اتحاد کے جاری حملوں کے بیچ یمنی فورسز نے اس اتحاد کے کرایے کے فوجیوں کے قبضے سے 1200 مربع کیلومیٹر کا علاقہ آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے بتایا کہ نصر المبین آپریشن کے تیسرے مرحلے میں مآرب میں 1200 مربع کیلومیٹر کا علاقہ آزاد ہوا۔
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، یحیی سریع نے النصر المبین آپریشن کے تیسرے مرحلے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا: النصر المبین آپریشن کے تیسرے مرحلے میں سعودی اتحاد کے 150 کرایے کے فوجی ہلاک و زخمی ہوئے جبکہ کچھ فوجیوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی اور رحبہ اور ماھلیہ علاقوں میں 1200 مربع کیلومیٹر کے علاقے آزاد ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ یمنی فورسز کی پیشرفت کو روکنے کے لئے سعودی اتحاد کے فائٹر جٹ نے 37 بار ہوائی حملے کئے جو ناکام ہوئے۔
یمنی فورسز کے ترجمان نے مآرب کے قبائل کی طرف سے ملے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مآرب کی آزادی میں قبائلیوں کے رول کو اہمیت دیتے ہیں۔ مآرب کے شہری حملہ آوروں کے خلاف ملک و قوم کے حامی ہیں۔ انہوں نے پورے یمن کو آزاد کرانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سبھی علاقوں کو آزاد کرائین گے جن پر سعودی اتحاد کا قبضہ ہے۔
اس سے پہلے نصر المبین آپریشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں صوبے البیضاء کا بہت بڑا حصہ قابض اتحاد کے چنگل سے آزاد ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کے حملے مارچ 2015 سے جاری ہیں۔ اس دوران 20 ہزارسے زیادہ یمنی شہید، دسیوں ہزار زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہوئے ہیں۔