Sep ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملوں میں پانچ عام شہری شہید اور ک‏ئی زخمی ہوگئے ہیں۔ 

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے رحبہ ضلع کے علفاء علاقے کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دوعام شہری شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

 صوبہ صعدہ کا شہر کتاف بھی سعودی اتحاد کے حملوں کا نشانہ بنا ہے۔ سرحدی شہر منبہ کے الرقو علاقے پر سعودی عرب کے بارڈر سیکورٹی گارڈ کی گولہ باری میں بھی ایک شہری شہید ہوا ہے۔

 اس رپورٹ کے مطابق ایک اور یمنی شہری ، صوبہ الحدیدہ کے التحیتا شہر اور الجبلیہ علاقے پر سعودی اتحاد کے زرخرید ایجنٹوں کی گولہ باری میں زخمی ہوا ہے۔

 درایں اثنا جارح سعودی اتحاد کے اسنیپروں نے صوبہ تعز کے شہر صالہ میں فائرنگ کرکے ایک مرد اور عورت کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کردیا۔

 اس کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے صرواح اور العبدیہ اضلاع پر سولہ مرتبہ اور شہر ماہلیہ پرایک بار بمباری کی۔

صوبہ البیضاء کے شہر ناطع پر جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں نے تین بار بمباری کی۔

 یمن کی قومی حکومت کے وزیراعظم عبد العزیز بن حبتور نے انقلاب یمن کی ساتویں  سالگرہ کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ ملت یمن اپنا انقلاب جاری رکھتے ہوئے اور اس کی حفاظت کرتے ہوئے جارحیتوں کا مقابلہ کرے گی۔

 دوسری جانب انقلاب یمن کی سالگرہ کی مناسبت سے یمنی عوام نے مختلف صوبوں میں بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالیں المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ ریلیاں صوبہ الحجہ ، صعدہ ، عمران ، ذمار، اب ، بیضاء ، محویت ، ریمہ ، تعز، ضالع الجوف اور مآرب میں نکالی گئیں جن میں عوام نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ہے۔  صعدہ اور دیگر شہروں میں مارچ کے دوران مظاہرین اپنے ہاتھوں میں یمن کا پرچم اور قومی حکومت کے سربراہ عبدالملک الحوثی کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے اور علاقے میں امریکہ کی استبدادی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

ریلیوں کے شرکاء امریکی اور صیہونی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کررہے تھے۔

ٹیگس