مآرب میں سعودی اتحاد کی اہم چھاؤنی پر یمنی فورسز کا کنرول
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ایک کارروائی کرکے شہر مآرب کے جنوب میں جارح سعودی اتحاد کی ایک اہم فوجی چھاؤنی الخشینا کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں یمنی فوج اور رضاکار فورس نے جنوبی مآرب کے الجوبہ علاقے کے ام ریش صحرا میں جارح سعودی اتحاد کے دسیوں فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا ہے۔
یمن کی فوج نے ان کارروائیوں میں الخشینا فوجی چھاؤنی کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ یمن کے فوجیوں نے العبدیہ اور الجوبہ علاقوں پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے شہر مآرب کی جانب پیشقدمی شروع کردی ہے اور العبدیہ میں سیکڑوں سعودی زرخریدوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔
اس بیچ میڈیا ذرائع نے صوبہ مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے وسیع حملوں کی خبر دی ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے صرواع علاقے پر چھے مرتبہ اور حریب و الجوبہ شہروں پر کم سے کم چوبیس بار بمباری کی ہے۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اتوار کو صوبہ الجوف کے شہر الحزم کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ صوبہ صعدہ کا سرحدی علاقہ شدا بھی جارح سعودی اتحاد کے راکٹوں اور توپخانوں کے حملوں کا نشانہ بنا۔ ابھی ان حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹیں سامنے نہیں آئی ہیں۔
جارح سعودی اتحاد، صوبہ مآرب کے محاذوں پر اپنے فوجیوں اور زرخرید جنگجوؤں کی شکست کے بعد آج کل اس صوبے کو پہلے سے زیادہ وحشیانہ طریقے سے فضائی حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
مزید دیکھیئے:سعودی اتحاد نے کی الحدیدہ میں 310 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی