Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • عراقی فوج کی بڑی کارروائی، داعش کے 8 تکفیری دہشتگرد ہلاک

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ کرکوک میں دہشتگرد گروہ داعش کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

الفرات نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی الرسول نے کہا ہے کہ عراق کی سکیورٹی فورسز نے کرکوک میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کے 8 تکفیری دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

گزشتہ روز بھی عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے تکریت میں داعش کے سرگرم دہشتگرد کو ایک کارروائی کے دوران ہلاک کیا تھا۔

عراق میں داعشی دہشت گردوں نے ایک بار پھر سراٹھانے کی کوشش کی ہے اور وہ منظم ہو رہے ہیں جبکہ ان دہشت گرد عناصر کے خلاف عراقی سیکورٹی فورسز بھی مختلف علاقوں میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں دو ہزار سترہ میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس ملک کے بعض علاقوں میں داعش سے وابستہ کچھ دہشت گرد عناصر روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے داعش دہشت گرد گروہ کے ان باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے بھی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

ٹیگس