Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • عراق، رضاکار فورس نے داعش کا حملہ ناکام بنایا

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ دیالہ میں دہشتگردانہ حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے جبکہ الحشد الشعبی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کو ایک نئے انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔

عراق کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے مغربی خانقین میں الحشدالشعبی کی تیئیسویں بٹالین سے وابستہ فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا تھا جسے الحشدالشعبی کے جوانوں نے پسپا کردیا۔

خبروں کے مطابق الحشد الشعبی نے شہر خانقین کے اطراف میں پہلے ہی دھماکہ خیز جال یا ٹریپ بچھا رکھے تھے تاکہ دہشتگردانہ حملوں اور شبخوں کو روکا جا سکے۔ ضلع خانقین، ایران عراق سرحد کے قریب واقع ہے جو سیکورٹی خلاء اور عراق کی فی‍ڈرل حکومت اور پیشمرگہ کرد فورس کے درمیان عسکری موجودگی کے مسئلے پر اختلاف پیدا ہونے کے باعث داعش کی باقیات اور دہشتگردوں کے لئے اہم اڈہ بن گیا ہے۔

عراق میں الحشد الشعبی کو کمزور کرنے کے لئے امریکہ کی جانب سے اس عوامی رضاکار فورس کے اڈوں پر بمباری اور عراقی استقامت پر دباؤ بڑھنے کے بعد سے داعش کے دہشتگردانہ حملوں میں بڑی حد تک تیزی آگئی ہے۔ عراقی سیکورٹی فورس اور الحشد الشعبی کے جوان اس علاقے کو دہشتگرد عناصر سے پوری طرح پاک کرنے اور داعش کی نابودی کے لئے فوجی کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔

اس درمیان حشد الشعبی کے سربراہ نے عراق کے قومی ڈھانچے کی اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی الحشد الشعبی رضاکار فورس کے سربراہ فالح الفیاض نے ایک بیان میں کہا کہ مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی سیستانی نے قبل از وقت انتخابات کے ذریعے عوام کو ووٹ دینے اور فیصلہ کرنے کا حق واپس دلا دیا اور انھوں نے اپنے بیان میں امیدواروں کی اہلیت اور صاف ستھرے ریکارڈ رکھنے والے سیاستدانوں اور امیدوارں کو منتخب کرنے پر زور دیا ہے جو عراق کی اقدار کے محافظ ہوں۔

الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ اس وقت عراق کے قومی ڈھانچے میں تعمیر نو ہونی چاہئے جو جنگ، قبائلی فتنوں اور بیرونی مداخلتوں کی بنا پر کمزور ہو چکا ہے۔ الحشدالشعبی کے سربراہ نے کہا کہ بعض گمراہ شخصیات عراق کے مسائل کے حل کا طریقہ کار تلاش کرنے کے بہانے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا آئیڈیا پیش کررہی ہیں جبکہ تمام اہل سنت اور عراق کے سبھی قبائل صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے پست منصوبے سے بیزاری اور مخالفت کا اعلان کرتے ہیں۔

ٹیگس