Oct ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے مآرب اور الجوف کے رہائشی علاقوں پر چالیس بار بمباری کی۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اتوار کے روز صوبے مآرب کے علاقوں صرواح پر سولہ بار، الجوبہ پر تیرہ بار اور العبدیہ پر بارہ بار بمباری کی۔ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح خب و الشعب کو چھے بار جارحیت کا نشانہ بنایا۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ہفتے کے روز بھی یمن کے مختلف علاقوں کو ستاون بار حملوں کا نشانہ بنایا اور شمالی یمن کے سرحدی علاقے پر گولہ باری کی جس میں ایک یمنی شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل بدھ کے روز صوبے صعدہ کے علاقوں شدا اور الرقو پر سعودی آلہ کار فوجی اہلکاروں کی گولہ باری میں کم سے کم چار عام شہری شہید اور دو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

پیر کے روز بھی صوبے صعدہ کے سرحدی علاقے منبہ پر سعودی فوج کی گولہ باری میں دو عام شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی سعودی عرب کی سرحد سے ملنے والے شمالی یمن کے مختلف صوبے، یمنی عوام پر مسلط کردہ جنگ کے آغاز سے ہی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنتے رہے ہیں جس میں اب تک ہزاروں یمنی عام شہری خاک و خون میں غلطاں ہو چکے ہیں۔

ٹیگس