یمنی فورسز کی سعودی عرب کے خلاف ڈرون کارروائی، امریکہ نے یمن میں دہشتگردوں کے ساتھ اپنے رشتوں کا ثبوت دیا
یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں یمنی فورسز نے ایک بار پھر سعودی عرب کی سرزمین پر ڈرون سے کارروائی کی۔
سعودی عرب کی واس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے ہفتے کی رات اعتراف کیا ہے کہ یمنی فوج کے دو ڈرون طیارے، سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔
سعودی اتحاد نے دعوی کیا کہ یمنی فوج کے ان دونوں ڈرون طیاروں کا تعاقب کر کے انہیں مار گرایا گیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ بعض ذرائع نے جنوبی سعودی عرب میں واقع جیزان کے علاقے میں ہونے والے ہوائی حملے کے نتیجے میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیئے جانے کی خبر دی ہے۔
یمنی فوج نے سعودی اتحاد کی جانب سے کئے جانے والے دعوے پر ابھی تک اپنے کسی بھی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
اس درمیان یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان نے تاکید کی ہے کہ امریکیوں نے مآرب میں امن گذرگاہیں کھولنے کے بارے میں درخواست کر کے اس بات کو ثابت کر دیا کہ یمن میں ان کے دہشت گردوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے ہیں۔
محمد عبدالسلام نے یمن کے صوبے مآرب کی صورت حال کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کی منتقلی کے بہانے صوبے مآرب میں امن گذرگاہیں کھولنے کے بارے میں امریکی درخواست اس بات کی مستحکم دستاویز ہے کہ مآرب میں واقع العبدیہ میں دہشت گرد عناصر کے ساتھ امریکہ کے مسلسل رابطے ہیں۔