Oct ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • یمنی فورسز کی کامیابیوں اور مزاحمت کی حمایت میں یمنی عوام کا مظاہرہ/ صنعا: اقوام متحدہ یمن میں سعودی جرائم کو نظر انداز کر رہا ہے

یمنی عوام نے دارالحکومت صنعا مین ایک بڑا اجتماع کر کے جارح سعودی اتحاد کے مقابلے میں استقامت و مزاحمت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے جنگی محاذوں کی حمایت پر تاکید کی ہے۔

سبا نیٹ کی رپورٹ کے مطابق یمنی عوام نے دارالحکومت صنعا میں وسیع پیمانے پر اجتماع کرکے، صوبے مآرب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حالیہ کامیابی اور جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کی جواب میں جنوبی سعودی عرب میں فوجی ٹھکانوں پر حالیہ میزائل و ڈرون حملوں پر خوشی کا اظہار کیا اور سعودی اتحاد کی ہر جارحیت کا منھ توڑ جواب دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔

یمنی عوام، ملک کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت کو جنگی میدان میں سعودی اتحاد کی شکست کا آئینہ دار قرار دیتے ہیں۔ یمنی مظاہرین نے اسی طرح اپنے اجتماع کے دوران یمن کے انقلابی رہنماؤں اور اعلی سیاسی کونسل کی پیروی کئے جانے پر زور دیا اور اعلان کیا کہ صرف استقامت و مزاحمت کے ذریعے ہی یمن کے تمام علاقوں کو غاصبانہ قبضے سے آزاد کرایا جا سکتا ہے۔

اجتماع کے شرکا نے تمام یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن کی جارحیت اور اس کی ہر قسم کی سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے اتحاد و یکجہتی کا تحفظ کریں اور اس اتحاد کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی کوشش کریں۔ صوبے مآرب کے دیگر علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے جاری عمل میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعے کے روز نجا کے علاقے کو بھی جارح دشمن کے آلہ کار عناصر کے غاصبانہ قبضے سے آزاد کرا لیا۔

رپورٹوں کے مطابق نجا کو آزاد کرانے کی کارروائی میں سعودی اتحاد کے پینسٹھ سے زائد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا صوبے صعدہ میں یمن کے دفتر انسانی حقوق نے کہا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے تمام جرائم کا ذمہ دار اقوام متحدہ ہے۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صعدہ میں یمن کے دفتر انسانی حقوق نے ایک بیان میں یمن میں رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں میں تیزی آنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان سب واقعات کا ذمہ دار اقوام متحدہ ہے جس نے سعودی اتحاد کی جارحیتوں کے سلسلے میں خاموشی اختیار کر کے سعودی اتحاد کو اور زیادہ گستاخ بنا دیا ہے۔

اس بیان میں تمام علاقائی و بین الاقوامی تنظمیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے جرائم کی ذمہ داری قبول کریں۔

دوسری جانب عورتوں اور بچوں کے حقوق سے متعلق انتصاف نامی تنظیم نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی دو ہزار چار سو روز سے جاری جارحیت میں اب تک تیرہ ہزار ایک سو ننانوے خواتین اور بچے شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطاق سعودی اتحاد کی جارحیت میں چھے ہزار نو سو اناسی عورتیں اور بچے زخمی بھی ہوئے جن میں دو ہزار آٹھ سو بائیس عورتیں اور چار ہزار ایک سو ستاون بچے شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی مدد سے عرب اور غیر عرب ملکوں کا ایک اتحاد بنا کے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف وسیع جارحیت شروع کر رکھی ہے۔ جارح امریکی سعودی اتحاد نے اسی کے ساتھ یمن کا زمینی فضائی اور بحری محاصرہ بھی کررکھا ہے۔

جارح اتحاد کی جارحیت اور ظالمانہ محاصرے میں اب تک بڑی تعداد میں معصوم بچوں سمیت دسیوں ہزار شہری شہید ، بہت بڑی تعداد میں زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے گھر ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ نے بھی حال ہی میں، سعودی اتحاد کی جارحیت کے نتیجے میں یمن کے انسانی حالات کو المناک قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یمن بدترین انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔

ٹیگس