Nov ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی کے آدھے بچوں کو نفسیاتی مدد کی ضرورت: آنروا

فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے آنروا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے آدھے بچوں کو صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کی وجہ سے نفسیاتی اور جذباتی مدد کی ضرورت ہے

النشرہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں آنروا کے نئے سربراہ تھامس  وائٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ غزہ پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کے بارے میں انجام پانے والی تحقیقات اور جائزے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس علاقے کے لوگوں خاص طور سے بچوں کو بڑے پیمانے پر نفسیاتی  نقصان پہنچا ہے اور اس میں شدید اضافہ بھی ہوا ہے۔

آنروا کے سربراہ تھامس  وائٹ نے کہا کہ غزہ پٹی میں اسرائیل کی حالیہ جنگ نے اس علاقے کی اقتصادی ترقی کو جس میں اس سال تین فیصد اضافہ ہونے کی پیشینگوئی کی جا رہی تھی، مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ تھامس وائٹ نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے آنروا کے سربراہ  کے طور پر  اگست کے مہینے سے غزہ میں چارج سنبھالا ہے۔

نو ہزار نوے فلسطینی بچے جنگ کے سبب ایک عرصے سے نفسیاتی اور ذہنی مسائل و پریشانیوں میں مبتلا ہیں اور انھیں نفسیاتی و جذباتی لحاظ سے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ آنروا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے ایسے آٹھ ہزار تین سو رہائشی مکانات کا بھی اندراج کیا ہے جو جزوی طور پر یا پوری طرح تباہ ہوگئے ہیں۔

اس درمیان تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مستقبل میں فلسطین کی تعمیرنو کے قومی منصوبوں کے لئے ایک متحدہ قیادت کی ضرورت پر زرو دیا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے بیروت کے الزیتونہ تحقیقاتی مرکز میں فلسطین کے قومی منصوبوں میں حماس کی مشارکت کے بارے میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ تحریک حماس فلسطین کی تعمیرنو کے لئے حقیقی اقدامات شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونی حکومت عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے ذریعے علاقے میں اپنا اثر و نفوذ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ علاقے میں ایسا فوجی اور سیکورٹی اتحاد تشکیل دینے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن میں اسرائیل کو بالادستی حاصل ہو۔ 

اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے  غرب اردن کے شہر نابلس میں ایک مسجد کو منہدم کر دیا ہے۔ غرب اردن میں ایک فلسطینی عہدیدار غسان دغلس نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں نے دوما قصبے میں ایک مسجد کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ صیہونی فوجیوں نے اس علاقے میں فلسطینی کاشتکاروں کے کئی مکانات کو بھی مسمار کردیا ۔

ٹیگس