یمن میں سعودی عرب کی شکست سے اسرائیل پریشان
یمن میں مختلف محاذوں پر سعودی اتحاد کی مسلسل شکست نے غاصب صیہونی حکومت کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کو مسلسل حاصل ہونے والی کامیابیوں سے غاصب صیہونی حکومت کو تشویش لاحق ہو چلی ہے۔ ارنا نے المسیرہ ٹی وی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عبری زبان صیہونی روزنامے جروزالم پوسٹ نے حال ہی میں اس تشویش سے پردہ اٹھایا ہے۔
اس اخبار نے یمن کے صوبے مآرب میں یمنی فورسز کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یمن میں مآرب محاذ پر سعودی عرب کی شکست و ناکامی سے علاقائی سطح پر اسرائیل کے لئے خطرات بڑھ جائیں گے۔ مذکورہ صیہونی روزنامے نے مآرب کی آزادی کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے اُسے یمنی فورسز اور نتیجتاً استقامتی محاذ کے لئے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
جروزالم پوسٹ کے مطابق مآرب میں ریاض کی شکست کا معاملہ صیہونی حکومت کے لئے بہت زیادہ باعث تشویش ہے۔ صیہونی اخبار کے اس اظہار تشویش نے سعودی و صیہونی حکومتوں کے مفادات کی مضبوط گرہ بندی کو بخوبی عیاں کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران یمنی فورسز نے ملک کے اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل صوبے مآرب کی مکمل آزادی کے لئے بہار فتح نامی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں سعودی اتحاد کو اب تک سخت ہزیمت اٹھانا پڑی ہے اور یمنی فورسز اب خود مآرب شہر کے قریب پہنچ گئی ہیں۔