Nov ۰۸, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • عراقی وزیر اعظم پر ڈرون حملہ کہاں سے ہوا پتہ چل گیا

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس ملک کے وزیر اعظم پر حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کی اڑان بھرنے کی جگہ کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔

سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے کہا کہ جن 2 ڈرون نے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے گھر پر حملہ کیا ان ڈرون نے بغداد کے 12 کیلو میٹر شمال مشرقی علاقے سے اڑان بھری۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون نے بہت نیچے پروازیں کیں تاکہ ریڈار میں نہ آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کو تباہ کر دیا گیا اور یہ قاتلانہ حملہ ناکام رہا تاہم وزیر اعظم کے گھر پر حملے سے دنیا میں منفی پیغام گیا ہے۔

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ بغداد میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے فوجی اہللکاروں اور بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کہا ہے کہ ان کے قاتلانہ حملے کے ذمہ داروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے میڈیا آفس سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مصطفی الکاظمی نے کہا کہ حملے کے مرتکب افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

عراقی ذرائع ابلاغ کے سکیورٹی ذرائع  نے کل صبح ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے گھر پر بمبار ڈرون سے حملہ ہوا تاہم وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔

ٹیگس