Nov ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • سعودی عرب معذرت کرے، حزب اللہ کا مطالبہ

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو چاہئے کہ معذرت خواہی کرے۔

حزب اللہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے سعودی عرب سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کو اس بات کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ اس نے اپنے حامیوں کو جو رقم دی وہ اس سے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

المنار کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ سعودی عرب نے لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے بیان کے بہانے لبنان کے لئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ موجودہ بحران کی ایک وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب کچھ اس قسم کی صورتحال سے دوچار ہوا ہے کہ وہ علاقے میں اپنے نقصانات کو برداشت نہیں کر سکتا اس لئے اس نے لبنان کے خلاف محاذ کھول دیا اور لبنان کے سفیر کو نکال دیا۔

حزب اللہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے لبنان کے خلاف سعودی عرب کے حالیہ اقدامات کو یمن کے صوبے مآرب میں سعودی اتحاد کی شکست اور اسے ہونے والے بڑے نقصان کی وجہ قراردیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب لبنان پر دباو بڑھا کر یمن کی موجودہ صورتحال سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ وہ اپنے اقدام سے غاصب صیہونی حکومت سے قریب ہونے کے اپنے عمل کی پردہ پوشی کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے ایک ٹی وی انٹرویو کے بعد جو، انہوں نے عہدہ سنبھالے سے پہلے ریکارڈ کرایا تھا، خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کے ساتھ لبنان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

 

 

ٹیگس