Nov ۲۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کی عالمی حمایت کا سلسلہ جاری

عراق و لبنان کی استقامتی تنظیموں نے فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دئے جانے کے برطانوی فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے بوڑھے سامراج برطانیہ کے ذریعے فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ظالمانہ اقدام اور غلط فیصلے سے تعبیر کیا۔

المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ فلسطین کی اسلامی استقامتی تنظیم حماس کو ایک دہشتگرد گروہ قرار دینا ایک غلط فیصلہ اور ظالمانہ اقدام ہے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ برطانیہ کا یہ فیصلہ اُسی تسلسل کی ایک کڑی ہے جس کے تحت صیہونی دشمن کے جرائم، قتل عام، دہشتگردی، بربریت اور تباہی و بربادی پر مبنی صیہونی حکومت کے اقدامات کی حمایت کی جاتی رہی ہے۔

حزب اللہ لبنان کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانیہ کے مذموم فیصلے کے باعث فلسطینی تنظیموں کے عزم و حوصلے کو اور زیادہ تقویت ملے گی اور وہ اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے ماضی سے زیادہ مستحکم عزم کے ساتھ اپنی استقامت و مزاحمت کو جاری رکھیں گے۔

اُدھر عراق کی استقامتی تنظیم عصائب اہل حق نے بھی صیہونی ٹولے کی ماں سمجھی جانے والی برطانوی حکومت کے بے شرمانہ اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔

عراق کی مذکورہ تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ کے اس فیصلے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مکمل طور پر صیہونیت کی حامی اور اسکی پشت پناہ ہے۔

عراقی تنظیم کے بیان میں آیا ہے کہ حماس کو دہشتگرد قرار دینے پر مبنی لندن کے اقدام سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کے غاصبانہ و  جابرانہ اقدامات اور وہاں جاری غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کی مکمل طور سے حمایت کرتی ہے۔

عصائب اہل حق تنظیم نے برطانیہ کو مظلوموں کے مقابلے میں ظالم و جابر قوتوں کا دائمی حامی قرار دیا اور ساتھ ہی امریکہ اور برطانیہ کو صیہونی حکومت کا نوکر بتاتے ہوئے برطانیہ کے بے شرمانہ اقدام کو استقامتی محاذ کو روز بروز حاصل ہونے والی کامیابیوں کے مقابلے میں انکی شکست و ناکامی سے تعبیر کیا۔

اس سے قبل یمن کی تحریک انصار اللہ نے بھی برطانوی حکومت کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے فلسطین کی حماس تنظیم سے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ برطانوی حکومت نے جمعہ کے روز فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کو دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اسکی حمایت میں انجام پانے والی ہر قسم کی سرگرمیوں کو قانونی جرم کا درجہ دے دیا ہے۔

ٹیگس