سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں تباہ یمن کا بنیادی ڈھانچہ+ ویڈیو
غریب عرب ملک یمن کے خلاف سعودی عرب نے اتحاد بنا کر حملے شروع کر دیئے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔
سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ اس ملک کا مکمل طور پر محاصرہ بھی بدستور جاری ہے۔ سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے-
سعودی اتحاد نے کہ جسے گزشتہ مہینوں کے دوران میدانی جنگ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، عام شہریوں پر حملے کو اپنے ایجنڈے میں قرار دے رکھا ہے اور وہ بازاروں ، مسجدوں ، امدادی گاڑیوں ، اسکولی بچوں اور پناہ گزینوں کی بسوں پر حملے کرکے اپنی ناکامیوں کی تلافی کے درپے ہے اور اس سلسلے میں اسے امریکہ کی ہمہ جانبہ حمایت حاصل ہے-
امریکہ سعودی عرب سمیت اپنے علاقائی اتحادی ملکوں کی سازشوں کی حمایت کا طویل ریکارڈ رکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایسے ملکوں کی حمایت کی ہے جو اس کی فکر کے حامی ہیں- امریکہ نے اپنے اس جارحانہ اقدام کی تصدیق کے علاوہ ، سعودی عرب کی وسیع پیمانے پر فوجی امداد کرکے عالمی سطح پر بدترین ، انسانی المیہ وجود میں لانے میں اپنا کردار بخوبی نمایاں کردیا ہے-
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے لئے مشرق وسطی کے اس غریب اسلامی ملک کی مکمل ناکہ بندی بھی کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں اور اسّی فیصد سے زیادہ بنیادی تنصیبات تباہ ہوچکی ہیں-
سعودی جارحین کی امریکہ کی جانب سے وسیع حمایت، اور یمنی عوام کا سخت محاصرہ کئے جانے کی وجہ سے یمنی عوام کی صورتحال دن بہ دن بدتر ہوتی جا رہی ہے جو عالمی برادری کی تشویش میں بھی اضافے کا باعث بنی ہے-