Nov ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • مآرب سیکٹر پر جنگ میں شدت

یمن کے مآرب سیکٹر پر یمنی فوج اور مستعفی و مفرور منصورہادی حکومت کے زرخرید جنگوؤں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے اور مآرب کے قبائل بھی یمنی فوج کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔

یمن کے شہر مآرب اور صرواح کے درمیان واقع "روضہ ذنہ " کے علاقے میں یمن کی مستعفی حکومت منصور ہادی اور حزب الاصلاح کے جنگجوؤں کے ساتھ یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے درمیان گھمسان کی جنگ ہورہی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیارے اس علاقے پر پرواز کررہے ہیں اور منصورہادی اور حزب الاصلاح کے جنگجوؤں نے اس علاقے میں مزید فوجی ساز و سامان پہنچا دیئے ہیں۔

یمن کی فوج اور رضاکار فورس صوبہ مآرب کے اکثر اضلاع پر کنٹرول حاصل کرچکی ہے اور منصور ہادی اور حزب الاصلاح کے زرخرید جنگجو ان علاقوں سے فرار کرگئے ہیں۔

تیل اور گیس کے ذخائر سے مالامال ہونے کے باعث صوبہ مآرب کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ صوبہ پوری طرح آزاد ہوگیا تو یمن میں جارح سعودی اتحاد کا کام تمام ہوجائے گا۔

درایں اثنا یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ آٹھویں دفاعی موازنہ نامی آپریشن کے دوران سعودی عرب کے نہایت اہم اور بنیادی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ آٹھواں دفاعی موازنہ نامی آپریشن جارح سعودی اماراتی اتحاد کی جانب سے یمن پرحملوں میں اضافہ ہونے اور اس کا محاصرہ جاری رکھنے کی بنا پرانجام دیا گیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس آپریشن میں ریاض میں ملک خالد ایئربیس کو صماد تھری قسم کے چار ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اس آپریشن میں جدہ کے ملک عبداللہ ایئرپورٹ اور آرامکو آئل ریفائنری پر صماد دو قسم کے چار ڈرون سے بمباری کی گئی۔ یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ یمنی فوجیوں نے صماد تھری ڈرون کے ذریعے ابہاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں ایک اہم فوجی ہدف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ابہاء، جیزان اور نجران میں مختلف فوجی اہداف پرپانچ ڈرون طیاروں سے انجام دی جانے والی بمباری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹھواں دفاعی موازنہ آپریشن کل چودہ ڈرون کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان نے اس کے ساتھ ہی زور دے کر کہا کہ یمن کی مسلح افواج کے اندر یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھیں کہ جو بلاشبہ وطن اور ملت یمن کے دفاع کے قانونی حق کے تناظرمیں انجام پا رہی ہیں۔

ٹیگس