Nov ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • عالمی برادری برطانیہ کے نسل پرستانہ اقدام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو: فلسطینی رہنما

ایران میں جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے نے لندن کی جانب سے تحریک حماس کو دہشتگرد تنظیم کہنے پر برطانیہ کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں جہاد اسلامی کے نمائندے ناصر ابوشریف نے کہا ہے کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حماس کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر برطانیہ کی مذمت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

ناصر ابو شریف نے حماس کو دہشتگرد قرار دینے کے برطانیہ کے اقدام کا جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی پریس کانفرنس میں فلسطینی عوام کے حق استقامت کو قانونی قرار دیا اور کہا کہ ہم دنیا کے تمام حریت پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس تسلط پسندانہ اقدام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انھوں نے برطانیہ کے اس اقدام کو نسل پرستانہ قراردیا اور کہا کہ آج فلسطین میں نسل پرستی اپنے عروج پر ہے اور اس کا ایک مصداق نسلی قانون ہے۔

انھوں نے برطانوی وزیر خارجہ کے سیاہ کارناموں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا موقف مغربی و یورپی سیاستدانوں سے الگ نہیں ہے اور تسلط پسند نظام اپنے اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے ہر حربے کو استعمال کرتا ہے۔

ایران میں تحریک حماس کے نمائندے خالد القدومی نے بھی برطانیہ کے اقدام کو عالمی برادری اور ڈیموکریسی کے منافی قرار دیا اور کہا کہ ایک طرف ہمیں دہشتگرد کہا جاتا ہے اور دوسری جانب ہم سے ساز باز تسلیم کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ خالد القدومی نے ان بیانات کو سیاسی قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ اپنے اس اقدام سے ملت فلسطین پر ساز باز تسلیم کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا چاہتا ہے ۔ 

 

ٹیگس