Dec ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • دشمن، یمنی عوام کے درمیان اختلافات پیدا کر کے ان پر مسلط ہونے کے درپے ہے: یمنی رہنما

یمن کی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے کہا ہے کہ قوم مسائل و مشکلات اور پابندیوں نیز مشکل معاشی حالات کے باوجود اپنے راستے پر گامزن رہے گی۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ البیضاء کے قبائل پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات میں یمن کی قومی حکومت کے نگران اعلیٰ اور ملک کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ جارح سعودی اماراتی اتحاد نے صوبہ البیضاء کو نشانہ بنایا جس سے وہاں کے عوام کو نقصان پہنچا۔

انھوں نے کہا کہ یمن کے عوام کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں اور نشستیں یمنی عوام کے درمیان مفاہمت، بھائی چارے اور تعاون کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صوبہ البیضاء میں امن و استحکام، سماجی انصاف اور تعاون کو مضبوط بنانے کا ماحول پیدا ہو چکا ہے، کہا کہ دشمن، یمنی عوام کے درمیان اختلاف و فتنہ برپا کرنے اور ان پر مسلط ہونے کے درپے ہے۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ یمن کے دشمنوں نے اس ملک میں قتل و غارت گری، قحط و افلاس، پابندیوں اور جارحیت کے ذریعے بے پناہ مشکلات کھڑی کرنے اور نوجوانوں کی زندگی تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ الحوثی نے کہا کہ ہم امن عامہ کو مضبوط بنانے اور اختلافات کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل نیز حکومت اور سماج کے درمیان تعاون کے خواہاں ہیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے جارح سعودی اماراتی اتحاد کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الحدیدہ میں اس اتحاد کے جرائم نے اس کی درندگی کو ثابت کردیا خاص طور سے اس وقت جب اس اتحاد کے وحشیوں نے ایک ماں کے شکم کو پھاڑ کر اس کا بچہ نکال لیا اور ایک غریب گھرانے کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔

سید عبد الملک بدرالدین الحوثی نے مزید کہا کہ جنگی قیدیوں کا قتل بھی ایک شرمناک جرم ہے جو تمام قوانین کے منافی ہے۔

درایں اثنا المسیرہ ٹی وی نے یمنی فوج کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد اور اس کے زرخرید ایجنٹوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو اڑتالیس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ اس رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے صوبہ صعدہ اورمآرب کو بھی سنگین بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔

سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ  دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف جارحیت جاری رکھی ہے اور ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جارحانہ حملوں کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر اور دربدر ہو گئے ہیں۔

ٹیگس