Dec ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  • امریکہ کو عراق کی استقامتی تحریک کا انتباہ، وقت پر ملک سے باہر نہ نکلے تو علیٰ الاعلان نشانہ بنائیں گے

عراق کی عصائب اہل الحق تحریک نے امریکہ کو رواں سال کے آخر تک عراق سے اپنے فوجی باہر نکالنے کے سلسلے میں خبردار کیا ہے۔

شفق نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے ایک رکن نے پیر کے روز کہا ہے کہ ملک سے امریکی فوجیوں کے نکلنے کے سلسلے میں استقامتی گروہوں کا موقف مکمل واضح ہے اور اس کی بنیاد عراق سے امریکی فوجیوں کے نکلنے کے سلسلے میں عراقی اور امریکی حکومت کے درمیان ہونے والےاسٹریٹیجک مذاکرات کے تناظر میں طے شدہ معاہدہ اور پارلیمنٹ کا فیصلہ ہے۔

سعد السعدی نے کہا کہ قابض امریکی فوجی رواں سال کے آخر تک عراق سے باہر نہ نکلے، تو تحریک استقامت ان غاصبوں کا کھلے عام مقابلہ کرے گی اور انھیں ملک سے باہر نکال باہر کردے گی۔

کچھ دنوں پہلے عراق کے جوائنٹ آپریشنل کمانڈ کے ترجمان تحسین الخفاجی نے کہا تھا کہ اکتیس دسمبر تک عراق سے تمام امریکی فوجی باہر نکل جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ عراقی فوجی، دہشتگرد ٹولے داعش کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عراق اور امریکہ نے جولائی کے مہینے میں رواں سال کے آخر تک امریکہ کے باوردی فوجیوں کے نکلنے کے سلسلے میں اسٹریٹیجک مذاکرات کے چار دور انجام دیئے تھے اور رواں سال کے آخرتک عراق سے امریکی جنگی فوجیوں کے باہر نکلنے پر اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ عراق کے عوام اور سیاسی گروہ، اپنے ملک سے عراقی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس ملک کی پارلیمنٹ بھی ایک بل منظور کر کے امریکی دہشتگردوں کو ملک سے باہر نکلنے کا پابند بنا چکی ہے۔

ٹیگس