Dec ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • جنوبی مآرب میں القاعدہ کے اہم ترین اڈے پر یمنی فوج کا کنٹرول

یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس جنوبی مآرب میں شدید جنگ کے بعد اس علاقے میں القاعدہ دہشتگرد گروہ کے سب سے اہم اڈے کو اپنے کنٹرول میں لینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

یمن کے میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس نے جارح سعودی اتحاد سے شدید جنگ کے بعد جنوبی مآرب کی وادی عبیدہ میں القاعدہ کے سب سے بڑے اورنہایت اہم اڈے کو کنٹرول میں لے لیا ہے ۔

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس، کری چھاؤنی میں اسلحوں اور جنگی سازوسامان کے ایک اہم گودام کو بھی اپنے کنٹرول میں لینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مآرب پر یمنی فوج کے مکمل کنٹرول کے بعد القاعدہ دہشتگرد گروہ ان ہتھیاروں کو دہشتگردانہ کارروائیوں کے لئے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

یمن کے مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کی حکومت سے وابستہ حزب اصلاح نے جسے سعودی عرب کی  بھرپور حمایت حاصل ہے فروری میں حضرموت ، البیضاء اور ابین سے القاعدہ کے سیکڑوں دہشتگردوں کومآرب میں منتقل کیا تھا۔

 قابل ذکر ہے کہ صوبہ مآرب میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے تازہ دم فوجیوں کی پیشقدمی ایسی حالت میں جاری ہے کہ اس صوبے میں ایک جانب یمنی فوج اور رضاکار فورس جارح سعودی اتحاد سے لڑرہے ہیں اور دوسری جانب زرخرید سعودی جنگجؤوں کے خلاف بھی  برسرپیکار ہیں۔

اس درمیان  یمن کی مسلح افواج کے دفاعی سسٹم نے ملک کے شمال مشرقی صوبے مآرب کےعلاقے میں سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ مارگرایا ہے۔ یمن کے دفاعی سسٹم نے صوبہ مآرب کے ضلع صرواح میں امریکا کا تیار کردہ ایک اسکین ایگل جاسوس طیارہ مارگرایا ہے ۔

امریکہ کے اسکین ایگل ڈرون طیارے کا شمار جدیدترین ڈرون طیاروں میں ہوتا ہے۔ یمنی فوجیوں نے چند روز قبل بھی مآرب کی فضاؤں میں امریکہ کے اسکین ایگل ماڈل کا ایک جدید ترین ڈرون طیارہ سرنگوں کیا تھا۔ رواں سال میں امریکہ کا یہ نواں ڈرون طیارہ ہے جسے  یمن کے دفاعی سسٹم نے مارگرایا ہے

حالیہ دنوں میں یمن کے بعض علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کے ساتھ یمنی فوج اور رضاکار فورس کے درمیان جںگ شدت اختیار کرگئی ہے ۔

 

ٹیگس