Dec ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • طالبان کی اسلامی ممالک سے خود کو تسلیم کرنے کی اپیل

افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے اسلامی تعاون تنظیم سے اپنی حکومت تسلیم کئے جانے کی درخواست کی ہے۔

افغان آوا نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی عارضی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسلامی ممالک سے اپنے اچھے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے آئندہ اجلاس میں افغانستان میں طالبان کی حکومت کی حمایت کریں اور اسے تسلیم کریں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کچھ دنوں پہلے کہا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم رواں مہینے میں افغانستان کے بارے میں ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی اور افغانستان کو اقتصادی اور انسانی بحران میں مزید پھنسنے سے روکنے کی کوشش کرنے کی اپیل کرے گی۔

کہا جا رہا ہے کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس انیس دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس اور چین پر مشتمل گروپ اور یورپی یونین کے وفود کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اب تک کسی بھی ملک نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

ٹیگس