Dec ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

غاصب صیہونی فوجیوں نے ممقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر نابلس کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کے مطابق، غاصب صیہونی فوجیوں نے قدیم نابلس شہر اور العین کیمپ پر حملے کیے جس کے دوران فلسطینی نوجوانوں سے ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قدیم نابلس پر حملے کے دوران صیہونی فوجیوں نے پتھروں سے مزاحمت کرنے والے فلسطینیوں کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان سر پر گولی لگنے کے باعث شہید ہو گیا۔

دوسری جانب بیت لحم شہر میں بھی غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا اور صیہونی فوجی آنسوگیس کے گولوں سے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

اس سے پہلے ہفتے کے روز بھی غاصب صیہونی فوجیوں نے جنوبی نابلس میں فائرنگ کردی تھی جس میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور اڑسٹھ کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

پچھلے چند ہفتوں کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔

ٹیگس