Dec ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے مآرب کو متعدد بار اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج نے ایک اہم سعودی فوجی کمانڈر کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے شہروں الوادی اور صرواح کے مختلف علاقوں پر مجموعی طور پر پچیس حملے کیے ہیں۔ اس سے پہلے امریکہ اور مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے جنوب مغربی یمن کے صوبے تعز کے شہر مقبنہ پر بھی شدید بمباری کی تھی۔

جارح سعودی اتحاد نے یمن کے سرحدی صوبے صعدہ کے شہر شدا پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی ہے۔ پچھلے چند روز کے دوران، یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف شہروں پر جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری اور توپ خانے کی گولہ باری میں درجنوں عام شہری مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب یمن کے وزارت خارجہ نے امریکہ کے خصوصی ایلچی کے تازہ بیان کو فیس سیونگ اور مجرمانہ اقدامات کی جوابدھی سے بھاگنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

المیادین ٹیلی ویژن کے مطابق یمن کی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدارنے کہا ہے کہ یمن کے امور میں امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹم لنڈرکنگ کے بیان سے صاف ظاہر ہے کہ وہ عالمی برادری کے سامنے واشنگٹن کی ساکھ بہتر بنانے، سعودی اتحاد کو اس کے مجرمانہ اقدامات سے بری کرانے نیز یمن کی صورتحال کو خانہ جنگی کا نتیجہ قرار دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ یمنی وزارت خارجہ کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ ٹم لینڈرکنگ کا بیان دراصل یمن کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل سیاسی طاقت کا یک طرفہ مظاہرہ ہے کیونکہ ایسے اجلاس صنعا حکومت کو بلائے بغیر منعقد کیے جاتے ہیں۔

یمن کی وزارت خارجہ کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ امریکہ یمنی عوام کے قتل عام کی غرض جارح سعودی اتحاد کو مسلسل ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برداری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ یمن میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک غیر جانبدار عالمی کمیشن قائم کرے۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ صوبہ مارب میں جاری جھڑپوں کے دوران جارح سعودی اتحاد کا ایک اہم فوجی کمانڈر ہلاک ہوگیا ہے۔

دوسری جانب یمن کی مستعفی حکومت سے وابستہ جماعت الاصلاح نے بتایا ہے کہ سعودی اتحاد کا ایک اہم کمانڈر ناصر الذیبانی، صوبہ مآرب کے علاقے البلق میں، یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوابی حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔اس حملے میں الذیبانی کے متعدد ساتھی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مبصرین کے مطابق الذیبانی صوبہ مآرب میں سعودی اتحاد کا اہم فوجی کمانڈر تھا اور اس کی ہلاکت سے اس سیکٹر پر جاری جنگ میں سعودی اتحاد کو بہت بڑا دھچکہ لگا ہے۔ جارح سعودی اتحاد گذشتہ ساڑھے چھے برسوں سے یمن پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے لیکن یمنی عوام کی استقامت و پامردی نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو بری طرح شکست دی ہے

ٹیگس