مآرب سیکٹر پر یمنی فوج کی اہم کامیابیاں، دسیوں سعودی فوجی ہلاک
مآرب اور اس کے نواحی شہروں کے درمیان واقع اسٹریٹیجک پہاڑیوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے تسلط کے بعد، اس صوبے کے مکمل آزادی کا امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مآرب کے نواحی شہروں خب اور شعف کے درمیان واقع اہم اور اسٹریٹیجک بلندیوں پر تسلط قائم کرکے جنگ میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سلبہ کی جانب سعودی فوجی اتحاد کی پیشقدمی کو ناکام بنانے کے بعد، صحرائے الیتمہ میں واقع اسٹریٹیجک پہاڑیوں کو اپنے کنٹرول میں لیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اب اس سے علاقے میں اپنے مورچے مضبوط بنانے میں مصروف ہیں۔ اس سے پہلے سعودی اتحاد کے کرائے کے فوجی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملوں کی تاب نہ لاتے ہوئے علاقے سے پسپائی پر مجبور ہو گئے تھے اور سلبہ نامی علاقے پر ان کے قبضے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی تھی۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی اتحاد کے فوجیوں کو نہ صرف علاقے سے پیچھے دھکیل دیا ہے بلکہ قشعان اور حبش نامی سوق الجیشی پہاڑی علاقے سے دشمن کا صفایا بھی کر دیا ہے۔ عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج نے ایک جنگی حکمت عملی کے ذریعے سعودی اتحاد کو سلبہ کی جانب پیشقدمی کا موقع فراہم کیا پھر انہیں دو طرف سے اپنے گھیرے میں لینے کے بعد حملہ کر دیا ہے۔اس آپریشن کے دوران سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
اس دوران المسیرہ نے رپورٹ دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو چھبیس بار الحدیدہ جنگی بندی کی خلاف ورزی کی ۔جارح سعودی اتحاد نے مآرب، الجوف اور حجہ نامی علاقوں پر بھی فضائی حملے کئے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف وحشیانہ جارحیت جاری رکھی ہے۔ اس جارحیت میں اب تک لاکھوں یمنی شہری شہید اور زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔