Dec ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • غزہ میں عزالدین القسام بریگیڈ کی فوجی مشقوں کا آغاز

فلسطین کی اسلامی مزاحتمی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے القدس شیلڈ کے نام سے فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔

عزالدین القسام بریگیڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو غزہ میں صبح شروع ہونے والی مشقیں تربیتی امور کا تسلسل ہیں جن کا مقصد مختلف اقسام کے فوجی حملوں کے مقابلے میں دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور جوابی حملوں کی  حکمت عملی کا جائزہ لینا ہے۔

عزالدین القسام بریگیڈ کے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ استقامتی محاذ غاصبوں کی شکست اور اپنی سرزمین، فلسطینی قوم اور مقدسات کی آزادی تک جنگ اور دفاع کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ حماس اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان غزہ میں آخری جنگ، سیف القدس کے نام سے ہوئی تھی جو بارہ روز تک جاری رہی۔

اس جنگ میں اسرائیل نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس میں ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے تھے جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

استقامتی تنظیموں نے صیہونی جارحیت کے جواب میں مقبوضہ فلسطین یعنی اسرائیل پر ہزاروں راکٹ برسائے تھے۔  

ٹیگس