امریکہ مداخلت سے باز آجائے : عراقی انتخابی نتائج کے خلاف احتجاجی کمیٹی کا انتباہ
عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاج کرنے والی کمیٹی نے اس ملک کی عدلیہ کے امور میں واشنگٹن کی مداخلت پر انتباہ دیا ہے۔
عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاج کرنے والی کمیٹی نے زور دے کر کہا ہے کہ اگر امریکہ، عراق سے دست بردار نہیں ہوا تو اس کے ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔
العہد نیوز ویب سائٹ کے مطابق عراقی پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاجی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اب غاصبوں کی جرات اتنی بڑھ گئی ہے کہ انھوں نے عدلیہ کودھمکی دینا اور جانبداری اور دھاندلی کی حمایت کرنے کے لئے اس پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔ اس کمیٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ غاصبوں کے دباؤ کے باوجود سپریم کورٹ اور عدالتی کونسل ان کی مداخلتوں کے مقابلے میں ڈٹی رہے گی۔ اس بیان کے آخر میں عراقی عدلیہ کی غیرجانبداری کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ احتجاجی کمیٹی جانتی ہے کہ عدلیہ پر کتنا دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور یہ کمیٹی عدلیہ کے حکام کی شکرگزار ہے اور ان سے کہتی ہے کہ عراق اور عراقی عوام امانت ہیں اور فیڈرل عدالت کو ان کے حقوق ضائع نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس نے اگر ایسا کیا تو پھر عراقی عوام کی کوئی پناہ گاہ نہیں رہ جائے گی۔
عراق کے پارلیمانی انتخابات دس اکتوبر کو ہوئے تھے لیکن نتائج کے اعلان کے بعد بہت سے سیاسی گروہوں کا خیال ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے بعض عراقی سیاستداں بھی انتخابات میں متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور امریکہ کی مداخلت کی تصدیق کرتے ہیں۔