Dec ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران سے اختلافات کے امریکی دعوے کو یمن نے مسترد کیا

یمن کی تحریک انصار اللہ نے اپنے اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا ہو جانے پر مبنی امریکی میڈیا کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن عبد الملک العجری نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ صنعا میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسن ایرلو کے ملک سے نکلنے کی وجہ علاج معالجہ ہے اور اس کا ہمارے دوست ایران کے ساتھ اختلافات پر مبنی غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے دعوے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

عبدالملک العجری

تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے بھی ایک ٹویٹ کرکے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین ایک مفاہمت ہوئی دی جس کے تحت ایک عراقی طیارے کے ذریعے سفیرِ ایران کو ملک منتقل کرنے کی بات کی گئی تھی۔ اس اقدام کی وجہ انکا علاج ہے اور میڈیا میں سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

حسن ایرلو، سفیر ایران

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے گزشتہ روز یہ دعوا کیا تھا کہ یمن کی تحریک انصار اللہ اور ایران کے مابین اختلافات پیدا ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے ایران کے سفیر یمن سے اپنے ملک واپس لوٹ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی ہفتے کی شام اس حوالے سے بعض ذرائع ابلاغ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اُسے ایک جھوٹ قرار دیا تھا۔

ٹیگس