جنوبی سعودی عرب میں یمنی فوج کا میزائل اور ڈرون حملہ
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ اس درمیان جارح اتحاد نے ایک بار پھر یمن پر وحشیانہ حملے کئے ہیں۔
میڈیا ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی سعودی عرب میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے میزائلی اور ڈروں حملوں کے بعد سعودی عرب کے جنوبی شہروں خمیس مشیط اور جیزان میں کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جیزان ہوائی اڈے سے طیاروں کی پروازیں روک دی گئیں۔
جنوبی سعودی عرب کے خمیس مشیط میں واقع ملک خالد ایئربیس اور جیزان و ابہا ہوائی اڈوں کو یمنی فوج اور رضاکار فورس نے گذشتہ مہینوں کے دوران کئی بار حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان دونوں ہوائی اڈوں اور ملک خالد ایئربیس کو یمن پر حملے کے لئے جارح اتحاد کے جنگی طیاروں کو ایندھن بھرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے دارالحکومت صنعا پر شدید حملے کئے ہیں۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صنعا کے رہائشی علاقوں کو چھے بار شدید بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے حالیہ چند روز کے دوران صوبہ صنعا پر ایک سو تیس بار حملہ کیا اور یمن کے دیگر آٹھ صوبوں کو متعدد بار وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا اور شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں تقریبا پچاس یمنی شہری شہید و زخمی ہوگئے۔
یمن کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ مآرب میں الیتمہ سرحدی علاقے اور بازار کے ایک بڑے حصے پر یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کا کنٹرول ہو جانے کے بعد سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے جھنجھلا کر یمن کے مختلف علاقوں پر اپنے وحشیانہ حملے تیز کردیئے ہیں۔
جارح سعودی اتحاد مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔ سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر اور دربدر ہو گئے ہیں ۔