سعودی عرب یمنی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا: بن حبتور
یمن کی مرکزی حکومت کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ سعودی عرب یمن کے عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مرکزی حکومت کے وزیراعظم عبدالعزیز بن حبتور نے جارح سعودی اتحاد کے مقابلے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ان کے عزم و ارادے کو کمزور نہیں کرسکتا۔
عبدالعزیز بن حبتورنے یمنی عوامی کی جاری استقامت کے سلسلے میں کہا کہ یمنیوں نے اپنی بھرپور فداکاری اور ایثار و قربانی سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
گزشتہ دنوں یمنی فوج نے شہر مآرب میں بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ہی صوبہ الجوف میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید جنگجوؤں کے مقابلے میں غیرمعمولی پیشقدمی کی ہے۔
یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع نہایت اہم صوبے مآرب کو آزاد کرانے کے لئے گزشتہ برس آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اس دوران بیشتر شہر اور علاقے یمنی فوج کے کنٹرول میں آچکے ہیں۔
جارح سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں اور محاصروں کے باعث لاکھوں یمنی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں جبکہ غذاؤوں اور دواؤوں کی بھی شدید قلت ہوگئی ہے۔