عراق: ایک اور فوجی اڈے سے امریکی فوجیوں کا انخلا
عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان نے اپنے ملک کے ایک اور فوجی اڈے سے امریکی فوجی انخلا کا اعلان کیا ہے۔
عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان کے ترجمان تحسین الخفاجی نے اعلان کیا ہے کہ اربیل میں حریر فوجی اڈے سے امریکی اتحاد سے وابستہ فوجیوں کا انخلا عمل میں آیا ہے۔اس ترجمان نے کہا کہ حریر فوجی اڈے سے انخلا کے عمل میں کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا اور بین الاقوامی اتحاد کے کچھ فوجی مشیر کی حیثیت سے عراق میں باقی بچے ہیں۔ الخفاجی کے بقول مشیر کی حیثیت سے باقی بچے یہ فوجی حریر اور عین الاسد فوجی اڈوں میں تعینات ہوں گے۔
عراق میں اس ملک کی فوج نے رواں سال کے آغاز میں فوجی اڈے تحویل میں لینا شروع کئے ہیں۔ ہفتے کے روز عین الاسد کا ایربیس بھی عراقی فوج کے حوالے کیا گیا۔
واضح رہے کہ چھبیس جولائی کو رواں سال کے اختتام تک عراق سے امریکی فوجی انخلا کے بارے میں بغداد اور واشنگٹن کے درمیان اتفاق رائے ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔