عراق میں امریکا کی کتنی چھاونیاں ہیں؟
ایک عراقی ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ ملک کے 6 صوبوں میں واقع 11 چھاونیوں میں امریکی فوجی موجود ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی ویب سائٹ المعلومہ نے اپنی رپورٹ میں ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی اور ان کی ٹریننگ اور آپریشنل اہداف کا پردہ فاش کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو 19 سال سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے اور اس مدت میں امریکی فوجیوں نے دار الحکومت اور دیگر صوبوں کے حساس علاقوں پر ڈیرا جمائے رکھا اور ان علاقوں کو اپنی فوجی چھاونی کے طور پر استعمال کرتے رہے۔
المعلومہ ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ امریکی فوجیوں اور ان کی چھاونیوں کے بارے میں ہونے والی گفتگو، عراقی حکومت اور سیکورٹی اداروں کو گراں گزرتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس چیز کے لئے مزید تحقیقات اور تفتیش کی ضرورت ہے تاکہ پختہ ثبوت حاصل ہو سکے کہ عراق میں کن کن علاقوں میں امریکی فوجی موجود ہيں۔
عراق کے سیکورٹی امور کے ماہر اور تجزیہ نگار طارق الربیعی کا کہنا ہے کہ شام سے ملنے والی عراقی سرحد پر 1500 امریکی فوجی تعینات ہیں جبکہ نیٹو نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ فوجی ٹرینرز کی تعداد 500 سے بڑھا کر 4 ہزار کر دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عراق کے چھ صوبوں میں 11 امریکی فوجی چھاونیاں ہیں، جن میں دو بغداد میں، ایک موصل میں، تین کردستان کے علاقے میں، دو کرکوک میں، دو الانبار میں اور ایک تکریت میں واقع ہے۔