Dec ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد کے خلاف  یمن کی مسلح افواج کی پیشقدمی

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی عرب سے ملنے والے سرحدی علاقوں میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی اہم علاقوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔

المیادین ٹی وی کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے نجران اور شمالی یمن کے درمیان الخضرا سرحدی گذرگاہ پرواقع  بین الاقوامی راستے  کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے الجوف میں بھی خب اور  الشعف کے مرکزی علاقے الیتمہ کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

یمن کی مسلح افواج کی یہ پیشقدمی ایسی حالت میں جاری ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد  کے جنگی طیاروں نے  صوبہ المحویت کے دیہی علاقےعجامہ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک ایک عورت شہید اور چھے افراد شدید زخمی ہوئے جن میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے کم سے کم تین بارصنعا کے پل السبعین علاقے پرحملہ کیا۔

درایں اثنا یمن کی انسان دوستانہ امور کی کونسل نے یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کے جاری وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کی اس جارحیت کی بنا پر مختلف علاقوں میں انسان دوستانہ امور کی انجام دہی کا عمل بہت مشکل اور دشوار ہو گیا ہے۔

سعودی جنگی طیاروں نے اس سے قبل صنعا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قرنطینہ مرکز پر بھی بمباری کرکے اسے پوری طرح تباہ کردیا تھا۔

 یمن کی وزارت صحت نے اپنے بیان مں کہا ہے کہ صنعا ایئرپورٹ کا قرنطینہ سینٹر، ایئرپورٹ سے آنے والے نمائندہ دفاتراور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اورکارکنوں کو میڈیکل خدمات پیش کرنے کے  لئے استعمال ہوتا تھا۔

جارح سعودی اتحاد نے ان دنوں صنعا سمیت یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کا سلسلہ تیزکردیا ہے ان حملوں میں اب تک دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔

  سعودی عرب نے امریکہ اور مغربی ملکوں کی ایما پر مارچ دو ہزار پندرہ سے مشرق وسطی کےغریب، عرب اور اسلامی ملک یمن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

 

ٹیگس