یمنی ڈرون کو مار گرانے کا سعودی اتحاد کا دعوی
سعودی اتحاد نے یمن کے ڈرون طیاروں کو مار گرانے کا دعوی کیا ہے ۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ اس کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے یمن کے 5 ڈرون طیاروں کو مار گرایا ہے۔ جبکہ اس سلسلے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون یمن کے دارالحکومت صنعا سے سعودی عرب کی جانب روانہ ہوئے تھے۔
ریاض کی جانب سے یمن کے ڈرون کو مار گرائے جانے کا دعوی ایسے میں کیا گیا ہے کہ جب صنعا پر سعودی اتحاد کے حملے جاری ہیں۔
سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے - جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں-
سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کرسکا - پچھلے چند برسوں کے دوران یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور محاصرے کے باوجود یمنی فورسز کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔