Jan ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • فیک ویڈیو معاملے کو سعودی عرب نے معمولی غلطی بتایا، یمن نے ذلت آمیز ڈھٹائی قرار دیا

یمن کی قومی و مرکزی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کی اس ملک پر حملہ کرنے کی سنگین غلطی کی بھینٹ یمنی عوام چڑھ رہے ہیں۔

 المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی حکومت کے سینئر مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یہ مضحکہ خیز ہونے کے ساتھ ہی تکلیف دہ بات  بھی ہے کہ جارح سعودی اتحاد کا ترجمان میزائل سائٹ کی کلیپ تیار کرنے کے سلسلے میں اپنی ذلت آمیز رسوائی کا ڈھٹائی سے اعتراف بھی کر رہا ہے اور اسے ایک معمولی غلطی قرار دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا صرف فلموں میں ہوتا ہے۔

محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ ہر ایسی غلطی جس کی بھینٹ عام شہری چڑھ رہے ہیں اور جو ہر بار وحشیانہ جرائم کے فطری نتیجے میں دہرائی جا رہی ہے، ایک بہت سنگین غلطی اور بڑا گناہ ہے جو ہمارے عوام کے خلاف امریکی حمایت سے انجام دیا جا رہا ہے۔ 

یاد رہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے منگل کو کھل کر نہایت ڈھٹائی سے اعتراف کیا کہ یمنی فوج کے میزائل گودام سے متعلق جاری ہونے والا حالیہ ویڈیو جعلی ہے۔

جارح سعودی اتحاد نے ابھی حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں اسلحے کے ایک گودام کو دکھا کر اُس نے دعوی کیا تھا کہ یہ گودام یمن کی فوج کا ہے لیکن  چند ہی گھنٹوں کے بعد میڈیا نے اس جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مذکورہ ویڈیو عراق سے متعلق ایک امریکی فیلم کا حصہ ہے جس کو ایڈٹ کرکے یمن کے اسلحے کے گودام پر حملے کی ویڈیو کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

اس کے بعد منگل کو جارح سعودی اتحاد کے فوجی ترجمان نے بھی اس کے جعلی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اس کو معمولی غلطی قرار دیا ہے۔
 

ٹیگس