Jan ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • ابوظہبی کے خلاف کارروائی کے بعد، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان کا بیان

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی طوفان نامی کارروائی پوری کامیابی سے انجام پائی اور اپنے اہداف حاصل کر لئے۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ آپریشن طوفان یمن میں دبئی ایئرپورٹ ، ابوظہبی ، ابوظہبی کی المصفح آئل ریفائنری ، بعض سائٹوں اور متحدہ عرب امارات کی حساس و اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی میں پانچ بیلیسٹک اور پانچ کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ متعدد ڈرون طیاروں نے حصہ لیا اور اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے پیر کو اس ملک کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو دیئے جانے والے انتباہات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے متحدہ عرب امارات پرکاری ضربیں لگائیں۔

یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج ، جارح سعودی اتحاد کو بارہا خبردار کرچکی تھیں کہ جارحیت جاری رہنے کی صورت میں اس کا سخت جواب دیا جائے گا ۔یحیی سریع نے کہا کہ ہم بیرونی کمپنیوں اور متحدہ عرب امارات میں موجود غیرملکی شہریوں کو خبردار کرتے ہیں کہ اپنی جان کی حفاظت کے لئے متحدہ عرب امارات کی حساس تنصیبات اور مراکز سے دور رہیں۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ اگر یمن پر حملے جاری رہیں تو متحدہ عرب امارات ایک غیر محفوظ ملک بن جائے گا۔

یمن کی مسلح افواج کے اعلی کمانڈر مہدی المشاط نے بھی متحدہ عرب امارات کے اندر یمنی فوج کےآپریشن طوفان کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے اہم اور قابل فخر قرار دیا۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے اعلی کمانڈر مہدی المشاط نے اپنے ایک خطاب میں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں کئی حساس مراکز پر یمنی فوج کی کارروائی کی مبارک باد بھی پیش کی۔ مہدی المشاط نے کہا کہ اگر ملک پر غاصبانہ قبضے کے لئے دشمن کے جرائم اور جارحیتوں نیز حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے مستقبل میں یمن کے اقتصاد اور سرمایہ کاری کے لئے حقیقی خطرات پیدا ہوجائیں گے بنابریں ہم جوابی کارروائی پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ میڈیا ذرائع نے پیر کو رپورٹ دی تھی کہ یمن کی مسلح افواج نے متحدہ عرب امارات کے حساس اور کلیدی علاقوں پر بیس ڈرون طیاروں اور دس بیلیسٹک نیز کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ یمنی فوج نے اسی کے ساتھ صوبہ شبوہ کے عتق ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے ایک کارگو فوجی طیارے کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ پیر کو دوپہر سے پہلے غادنوک آئل کمپنی کے ڈپو کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے جبکہ دوسرا دھماکہ ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں ہوا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آئل ڈپو میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔ ابوظہبی کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس دھماکے میں ایک پاکستانی اور دو ہندوستانی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے یمن پر اپنے حملے تیز کردیئے ہیں اور اپنے زرخرید جنگجؤوں کو جن کا تعلق سلفی ، تکفیری اور داعشی دہشتگرد گروہوں سے ہے صوبہ شبوہ پر حملے کے لئے بھیجا ہے ۔

ٹیگس