Jan ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • صنعا میں یمنی پارلیمنٹ کی عمارت پر سعودی بمباری

میڈیا ذرائع نے یمن کی پارلیمنٹ پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری کی خبر دی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے منگل کو یمن کی پارلیمنٹ کی عمارت کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا اور اس کے ساتھ ہی صنعا میں یمن کے کیڈٹ کالج پر بھی بمباری کی۔ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے پیر کی شب صوبہ صنعا کے ضلع معین کے اللیبی محلے پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ افراد شہید اور گیارہ زخمی ہوگئے تھے۔

سعودی عرب کے مذکورہ حملے متحدہ عرب امارات کے صنعتی زون سمیت مختلف علاقوں میں یمنی فوج کی کامیاب فوجی کارروائی کے بعد انجام پائے ہیں ۔ یمنی فوج نے متحدہ عرب امارات کے جرائم کے جواب میں ابوظہبی کے خلاف بیس ڈرون اور دس میزائل استعمال کئے اور بھاری نقصان پہنچایا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو ابوظہبی کے خلاف جوابی کارروائی میں قدس دو اور ذوالفقار میزائلوں کے ساتھ صماد تھری ڈرون طیارے استعمال کئے گئے ہیں۔ یحیی سریع نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ طوفان یمن آپریشن میں قدس دو ماڈل کے میزائلوں سے المصفح کی آئل ریفائنری اورابوظہبی ایئرپورٹ کو چار میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ پیر کو متحدہ عرب امارات کے اندر یمنی فوج اور رضاکار فورس کے میزائلی اور ڈروں حملوں کے نتیجے میں ایک دھماکہ ادنوک آئل کمپنی کے ڈپو میں اور دوسرا دھماکہ ابوظہبی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ میں ہوا جس سے تین افراد ہلاک اور چھے زخمی ہوئے۔

 

ٹیگس