Jan ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۱:۲۵ Asia/Tehran
  • عراق میں دہشت گردی کے مقابلے میں سنجیدگی پر تاکید

عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک النجبا کے سیکریٹری جنرل نے صوبے دیالہ میں عراقی فوجیوں پر داعشی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے

عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک النجبا کے سیکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دیالہ میں عراقی فوجیوں کے خلاف داعش تکفیری دہشت گردوں کے جرائم سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ عراق میں داعشی عناصر ان علاقوں میں منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں سیکیورٹی کی صورت حال مضبوط و مستحکم نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک النجبا عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے دیالہ اور صلاح الدین سے دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کی خواہاں ہے۔

عراق میں دہشت گردوں نے جمعے کے روز حسکہ جیل پر حملہ اور اپنے عناصر کو فرار کرانے کے علاوہ دیالہ میں عراقی فوجیوں پر حملہ کر دیا جس میں گیارہ فوجی اہلکار مارے گئے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس تکفیری گروہ کے کچھ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملہ کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس