Jan ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • یمن میں جارح سعودی اتحاد کی تازہ وحشیگری کی مذمتوں کا سلسلہ جاری

یمن کے رہائشی علاقوں خاص طور پر صعدہ کے ایک جیل پر جارح سعودی اتحاد کے حملے کی بڑے پیمانے پر مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تیار الوفاء الاسلامی گروہ کی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے ان‍قلابی گروہوں نے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ دنیا بھرکے حریت پسندوں کو سعودی اماراتی اتحاد کے رہنماؤں اور ان کے حامیوں بالخصوص امریکہ و صیہونیوں پر جنگی مجرم اور یمن میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے ذمہ دار کی  حیثیت سے مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کرنا چاہئے۔

بحرین کے انقلابی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ شیطان صفت سعودی اماراتی اتحاد کہ جو امریکیوں اور صیہونیوں کی مدد سے یمن کے عوام کے خلاف انسانیت سوز وحشیانہ حملےاور دیوانگی کی حدوں کو پار کررہا ہے، وہ اب عالمی برادری کے لئے باعث ننگ و عار بن چکا ہے۔

بحرین کے انقلابی گروہوں نےمزید کہا کہ یہ جرائم بنیادی ترین انسانی اقدار اور اخلاقی اصولوں کے منافی ہیں۔ انہوں نے یمنی عوام کے قتل عام پر عالمی برادری کی مشکوک و شرمناک خاموشی کی سخت مذمت کی۔

عراق کی نجباء تحریک کے ترجمان نے بھی یمن پر ہونے والے وحشیانہ حملوں کے سلسلے میں عالمی برادری کی خاموشی کوسخت ہدف تنقید بنایا ہے۔ عراق کی نجباء تحریک کے ترجمان نصر الشمری نے اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ دنیا اور انسانی حقوق کے دعوے دار اداروں کے مردہ ضمیر، زرخرید اور آلہ کار بین الاقوامی ادارے اور ان اداروں کے تمام اہلکاراور وہ لوگ جو ان اداروں کی تشہیر کر رہے ہیں، سب کے سب صیہونی و سعودی حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کے قتل عام میں شریک ہیں۔

اُدھر غزہ میں بھی فلسطینی باشندوں نے یمن کے مظلوم عوام کی حمایت میں مظاہرہ کیا ہے۔

فلسطینی باشندوں نے یمن کے ستم رسیدہ اور مظلوم عوام کی حمایت میں مظاہرہ کرکے ان کے خلاف  جارح  سعودی اتحاد کی  مسلسل جارحیت کو فوری طور پر رکوانے کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرہ فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کی کال پر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر جہاد اسلامی کے سیاسی دفتر کے سینیئر رکن خالد البطش نے یمن کے مظلوم عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے بہیمانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور اسکے اتحادی غاصب صیہونی حکومت سے جنگ کرنے کے بجائے یمن کے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی فلسطین کی استقامتی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی نے یمنی کے عام شہریوں پر سعودی اتحاد کی بہیمانہ بمباری اور جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا تھا۔

 

 

ٹیگس