یواے ای کا شہریوں کو انتباہ، یمنیوں کے حملوں کا ویڈیو وائرل کرنے والوں کو ہوگی سخت سزائیں
متحدہ عرب امارات کی حکومت ابو ظہبی اور دبئی پر یمنی فوج کے جوابی حملے کا ویڈیو جاری کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرے گی۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل نے ان شہریوں کو عدالت میں طلب کیا ہے جنہوں نے یمنی فوج اور رضاکار فورس کے حالیہ جوابی حملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے بدھ کے روز اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ملک کے اٹارنی جنرل نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے ویڈیو کو پوسٹ کرنا جو ملک کے فوجی اور اہم تنصیاب کا ہو، بہت خطرناک قدم ہے اور یہ معاشرے کے امن و استحکام کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل حمد سیف الشامی نے اس حوالے سے کہا کہ جن افراد نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے ہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں غلطی کا ارتکاب کرنے والے ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرے کا سبب بنیں گے اور متحدہ عرب امارات کی عدالت علیا اس طرح کے ویڈیو جاری نہ کرنے کے بارے میں شہریوں کی مزید اطلاع رسانی کرے گی۔ ان کا دعوی تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ادارے حقیقت بیانی اور اطلاع رساني میں پوری طرح شفاف رہیں گے۔