شامی فوج کا بیان، امریکا داعش کا سب سے بڑا حامی ہے
شام کے ملٹری پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے دہشت گرد گروہ داعش کی حمایت ثابت ہو چکی ہے۔
شام کے ملٹری پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے پختہ ثبوت موجود ہیں کہ دہشت گرد گروہ داعش کے پیچھے کون ہے؟
بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ ویسے تو امریکا نے خود کو انسداد دہشت گردی کی مہم کے پشت پردہ چھپا رکھا ہے لیکن دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ اس کے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔
اس بیان کے مطابق ہمارے پاس پختہ ثبوت ہیں کہ داعش کے دہشت گردوں نے التنف چھاونی سے امریکا کی حمایت سے ہی شام کے صحرائی علاقے میں حملے کئے تھے۔
شام کے ملٹری پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پوری طرح سے غیر قانونی ہے جس کا کوئی جواز پیش نہيں کیا جا سکتا، شام نے کبھی بھی اپنے ملک میں امریکا کی موجودگی کی حمایت نہیں کی ہے۔
شام کے ملٹری پراسیکیوٹر کے دفترکے مطابق، مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کے حالیہ حالات، شام میں زیادہ عرصے تک رہنے کے مقصد سے انجام دیا جانے والا ایک ڈراما تھا۔
اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ امریکا شروع سے ہی دہشت گرد گروہ داعش کی سرگرمیوں کو نظر انداز کرتا چلا آ رہا ہے حالانہ ان سبھی غیر قانونی اقدامات کے ریکارڈ موجود ہیں۔