رہائشی علاقوں پر بمباری کے لئے سعودی اتحاد غلط دعوے کر رہا ہے: یمنی فوج
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ مآرب میں ایک اور امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا ہے جبکہ یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے دو صوبوں کے رہائشی علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق، سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے جمعے کے روز کئی بار صوبہ صعدہ اور حضرموت کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ جارح سعودی اتحاد سات سال سے جاری اس جنگ کے دوران یمن کے رہائشی علاقوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
یمن کے رہائی علاقوں پر یہ حملے ایسے وقت میں کیے جانے جار ہے ہیں جب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے سعودی اتحاد کے ان دعوؤں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے کہ یمنی فوج، سول تنصیبات اور علاقوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ان دعوؤں کا مقصد یمن کے رہائشی علاقوں پر جارحیت کا جواز تلاش کرنا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جارح سعودی اتحاد یمن کی شہری تنصیبات اور مراکز کو نشانہ بنا کر بھی یمنی عوام کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا اور بلاشبہہ ان حملوں کا ہم ضرور جواب دیں گے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس اپنے ملک کے خلاف جارحیت کے جواب میں اب تک کئی بار سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں، اہم فوجی اور اقتصادی تنصیبات کو اندرون ملک تیار کیے جانے والے ڈرون اور میزائیلوں سے نشانہ بنا چکی ہے۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے بنائے ہوئے ایک اسکین ایگل قسم کے ڈرون طیارے کو صوبہ مآرب کے شہر الجوبہ کے نواحی علاقے میں مار گرایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج نے اس سے پہلے متحدہ عرب امارت کے زیر استعمال امریکی ساخت کے ایم کیو ون ڈرون طیارے کو بھی صوبہ مآرب میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔
یمنی فوج حالیہ مہینوں کے دوران سعودی فوجی اتحاد کے درجنوں ڈرون طیاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں جاسوسی مشن کی انجام دہی کے دوران تباہ کر چکی ہے۔