یمنی فوج کی تازہ کامیابی، کئی گاؤں آزاد
یمنی فوج نے جارح سعودی اتحاد کی فورسز کے ہاتھوں سے کئی گاؤں آزاد کرا لئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ گاؤں سعودی عرب کی سرحدوں سے ملے ہوئے ہیں جنہیں یمنی فورسز نے آل سعود کے نمکخواروں سے آزاد کرا لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یمنی فورسز نے ملک کے شمال مغرب میں واقع حرض شہر میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے بعد اب دفاعی پوزیشن سے نکل کر حملے کرنا شروع کر دئے ہیں۔
یمنی فورسز نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جیزان کے متوازی میدی ضلع کے تین گاؤں الغدیر، العمریہ اور مزارع نسیم کو آزاد کرا لیا۔ ان گاؤں کو آزاد کرانے کے لئے یمنی فورسز کی مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کے کرائے کے فوجیوں سے سخت جھڑپیں ہوئیں۔
یہ پیشرفت صوبے حجہ کے حرض ضلع پر منصور ہادی کے زرخرید فوجیوں کے بھاری حملے کو ناکام بنانے کے بعد حاصل ہوئي ہے۔ جارح سعودی اتحاد کا خیال تھا کہ وہ مآرب کے مورچے کی طرح فضائیہ کی پشت پناہی کے ذریعے اپنے کرایے کے فوجیوں کی مدد کر سکے گا۔
یمن کے شمال مغرب میں صوبے عمران اور حجہ کے کچھ علاقے منصور ہادی کے ایجنٹوں کے زیر کنٹرول ہیں۔ سعودی عرب کی سرحد کے قریب ہونے کے باعث اس علاقے میں مستعفی و مفرور صدر منصور ہادی کی فورسز کو سعودی اتحاد کی فوجی امداد سے ملتی رہتی ہے۔