May ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری

سعودی اتحاد نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک دفاعی ذریعے کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے صوبے الحدیدہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جنگ بندی کی تراسی بار خلاف ورزی کی اور مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کے علاوہ گولہ باری بھی کی گئی۔

یمن میں سعودی اتحاد کی جانب سے جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کئے جانے پر سخت خبردار کیا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ و جارحیت کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ یمنی شہری بے گھر اور در بدر ہوچکے ہیں۔

 سعودی عرب کی جنگی جارحیت کے نتیجے میں یمن کے پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی ڈھانچے تباہ و برباد ہوچکے ہیں اور اس ملک کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ٹیگس