May ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی کی حفاظت صیہونی حکومت کی نابودی پر منتج ہو گی، اسماعیل ہنیہ

فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ نے تاکید کی ہے کہ فلسطینی قوم کی جانب سے مسجد الاقصی کی حفاظت و پاسداری غاصب صیہونی حکومت کے زوال اور تباہی پر منتج ہو گی۔

شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کی جمعرات کے روز کی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد الاقصی میں پیش آنے والے واقعے سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ دشمن کے مقابلے میں فلسطینیوں کو ایک بڑی جنگ اور جدوجہد کا سامنا ہے اور اس جدوجہد میں کامیابی فلسطینیوں کو ہی ملے گی ۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کا اعتکاف اور اس کی پاسداری غاصب صیہونی حکومت کے زوال اور تباہی پر منتج ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ مسجد الاقصی تاریخ اسلام کا ایک بڑا معجزہ ہے جو معراج کے آغاز اور اولیائے کرام کی موجودگی اور پیغمبر اسلام ص کی امامت میں نماز ادا کئے جانے کا مقام ہے۔

واضح رہے کہ فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصی میں اعتکاف کریں اور مسجد کے صحن میں فلسطینی پرچم لہرائیں اور اس طرح سے صیہونی آباد کاروں کی جارحیت کا مقابلہ کریں۔

ٹیگس