سعودی اتحاد یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر مصر
جارح سعودی اتحاد نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی شہروں پر گولہ باری کی ہے۔
یمن کی سرکاری خبررساں ایجنسی سبا کے مطابق، سعودی اتحاد نے پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو دس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ سعودی اتحاد نے صوبہ مارب، تعز، حجہ، صعدہ ضالع پر گولہ باری کی جبکہ کئی شہروں پر جاسوسی پروازیں بھی انجام دیں۔
اگرچہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمن میں جنگ بندی میں مزید دوماہ کی توسیع کردی گئی ہے تاہم سعودی فوجی اتحاد جنگ بندی کی تواتر کے ساتھ خلاف ورزی کر رہا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے جمعرات کو خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کی پاسداری سعودی اتحاد کی جانب سے پابندی کیے جانے سے مشروط ہے۔
سعودی عرب کی توقعات کے برخلاف، سات سال سے جاری اس جنگ میں اسے یمنی عوام کی مزاحمت کا سامنا ہے اور اس دوران اسکی اہم اقتصادی تنصیبات پر یمنی فوج کے جوابی حملوں نے طاقت کا توازن تبدیل کردیا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سات سالہ جنگ کے دوران ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کا پچاسی فیصد بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہوگیا ہے، اسکے علاوہ اس ملک کو شدید غذائی بحران کا سامنا ہے۔