یمن میں سعودی اتحاد کے ہاتھوں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں
یمن کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے جنگ بندی کی ایک بار پھر ایک سو ترپن بار خلاف ورزی کی ہے۔
خبروں کے مطابق سعودی اتحاد نے نئی جنگ بندی کی دسیوں بار خلاف ورزی کی اور یمن کے مختلف صوبوں منجملہ تعز، حجہ، الجوف، صعدہ، الضالع اور مختلف دیگر علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔
سعودی اتحاد نے اسی طرح یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور صوبے مآرب، حجہ، تعز، صعدہ اور مختلف علاقوں پر درجنوں بار گولہ باری کی اور اس طرح مسلسل جنگ بندی کی خلا ف ورزی کی ۔ سعودی اتحاد نے اسی طرح یمن کے مختلف صوبوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کے علاوہ یمنی شہریوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن میں جنگ بندی کی ایسی حالت میں خلاف ورزی کی جا رہی ہے کہ اس جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے پہلے ہی کہا تھا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی بنا پر اب جنگ بندی کا تصور ختم ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سات سالہ جنگ کے دوران ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کا پچاسی فیصد بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہوگیا ہے، اسکے علاوہ اس ملک کو شدید غذائی بحران کا سامنا ہے۔