یمن میں جارح سعودی اتحاد کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے
یمنی شہریوں نے جنوبی صوبے عدن میں جہاں جارح سعودی اتحاد قابض ہے ابتر اقتصادی و سیکورٹی صورت حال کے خلاف مظاہرہ کیا اور موجودہ حالت کا ذمہ دار سعودی اتحاد کو قرار دیا
الخبرالیمنی نیوز ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کے مشتعل مظاہرین نے شہریوں کی معاشی بدحالی اور سیکورٹی کی صورت حال پر احتجاج کرتے ہوئے جنوبی شہر عدن کی کچھ اہم سڑکوں کو بند کردیا ۔
مظاہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگران کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج تیز کردیں گے۔
مظاہرین نے بجلی سپلائی سمیت دیگر سروسز کو بہتر بنانے کابھی مطالبہ کیا ۔
گذشتہ شب بھی عدن کی سڑکوں پر عوامی مظاہرے ہوئے تھے ۔ مظاہرین نے سعودی عرب سے وابستہ کٹھ پتلی حکومت کے خاتمے اور بدعنوان حکام پر مقدمہ چلانے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ تمام بحرانوں کی ذمہ دار جارح سعودی اتحاد اور صدارتی کونسل ہے۔
سعودی حکومت گذشتہ سات برسوں سے چند عرب ملکوں کے ساتھ مل کر یمن پر وحشیانہ حملے کررہی ہے۔ ان حملوں میں اب تک ہزاروں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے ۔