Jun ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  •  غزہ میں عزم الصادقین فوجی مشقوں کا کامیاب اختتام

جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے کہا ہے کہ عزم الصادقین فوجی مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہیں جو غزہ کے ساحلوں پر انجام پا رہی تھیں

سرایا القدس فوجی مشقوں کے دوران جو پیر سے غزہ پٹی میں ہورہی تھیں غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی کے قدس بریگیڈ کے ترجمان ابوحمزہ نے ایک پریس کانفرنس میں اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان فوجی مشقوں میں سیکڑوں مجاہدین نےغزہ کی سطح پر کئی محاذوں پر فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا اور فوجی آمادگی اور زمان و مکان کے لحاظ سے اپنی بھرپور فوجی اور دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس سے میدان جنگ میں مجاہدین کی بھرپور صلاحیتوں اوراس میں اضافے کا اندازہ ہوتا ہے ۔
القدس بریگیڈ کے ترجمان ابوحمزہ نے کہا کہ ہم عزم الصادقین فوجی مشقوں کے اختتام پر تاکید کرتے ہیں کہ ملت فلسطین کے جوانوں ، ملت مسلمہ اور عرب قوم کے لئے امید کی کرن باقی ہے اور ہم صیہونی دشمن کا پوری بہادری اور طاقت سے مقابلہ کریں گے اور اپنے قیدیوں ، اپنے عوام اور مقدس مقامات کی پوری طاقت سے حفاظت کریں گے۔
سرایاالقدس بریگیڈ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ یہ فوجی مشقیں کسی بھی ممکنہ جنگ کے لئے پوری طرح مسلح رہنے اور مکمل آمادگی کے تناظر میں انجام پائی ہیں۔
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق سلمی نے کہا کہ عزم الصادقین فوجی مشقیں ایسے اہم وقت میں انجام پائی ہیں کہ جب فلسطینی قوم اور صیہونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جہاد اسلامی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ سرایاالقدس کی عزم الصادقین فوجی مشقیں صیہونی دشمن کے لئے ایک بھرپور پیغام کی حامل ہیں۔
اس درمیان تحریک حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حق سے پیچھے ہٹنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پناہ گزینوں کی وطن واپسی ایک انفرادی اور اجتماعی حق ہے جس کی اقوام متحدہ اور سبھی عالمی ادارے حمایت کرتے ہیں - حماس نے کہا کہ ہم ایسے سبھی اقدامات اور راہ حل کو مسترد کرتے ہیں جس میں فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حق کو نظر انداز کیا گیا ہو۔

ٹیگس